لندن (17 جولائی 2026): دورہ انگلینڈ بھارت کی ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہو رہا ہے ٹی 20 کے بعد ون ڈے میں بھی ڈھیر ہو گئی۔
سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں ویرات کوہلی، روہت شرما اور شبمن گل جیسے بیٹنگ اسٹارز سے سجی پوری ٹیم انگلش بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
شریاس ائیر 66 اور ویرات کوہلی 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گھر کے شیر کہلانے والی بلیو شرٹس کے چھے بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ جوفرا آرچر اور گس ایٹکنسن نے تین تین وکٹیں لیں۔
انگلش ٹیم نے جو روٹ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف 44 ویں اوورمیں 6 وکٹوں پر پورا کرلیا۔ جو روٹ 99 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ سیریز کا آخری اور فیصلہ کن ون ڈے اتوار کو ہوگا۔
سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت کی ٹیم انگلینڈ میں ٹی 20 سیریز میں مکمل ناکام رہی اور پانچ میچوں کی سیزیز چار صفر سے میزبان ٹیم نے اپنے نام کی۔ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
اس سے قبل آئرلینڈ جیسی کمزور ٹیم نے بھارت کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کر کے اس کے غرور کا بت پاش پاش کیا تھا۔


