برمنگھم: انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ کا فائنل جب ہوا تو میں صرف 6 سال کا تھا، فائنل کی جھلکیاں ہی دیکھی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنا ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے، کوشش کریں گے اس بار بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف کرس ووکس اور عادل رشید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، جونی بیرسٹو اور جیسن رائے کے جارحانہ کھیل نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ انگلش کپتان اوئن مورگن نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں 39 گیندوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: انگلینڈ فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست
خیال رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل میچ 14 جولائی کو لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم چالیس سال بعد اپنی سرزمین پر ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی، انگلش ٹیم چوتھی بار عالمی کپ کا فائنل کھیلے گی۔
انیس سو اناسی میں لارڈز میں ویسٹ انڈیز نے انگلش ٹیم کو فائنل میں 92 رنز سے ہرایا تھا، انگلینڈ کو 1987 میں آسٹریلیا نے فائنل میں شکست دی تھی، 1992 میں وہ پاکستان سے ہارے تھے۔