دبئی: انگلینڈ ٹیم کے کپتان ایون مورگن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح کا کریڈٹ بولرز کو دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح کے بعد انگلش کپتان ایون مورگن کا کہنا تھا کہ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح سے آغاز کرنا خوش آئند ہے، اس کامیابی کا سہرا ہمارے بولرز کو جاتا ہے۔
مورگن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف عمدہ ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اور موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، میرے خیال میں معین علی نے وکٹ کو بہترین طریقے سے سمجھا اور فائدہ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کا فاتحانہ آغاز، ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست
انگلش کپتان لیفٹ آرم فاسٹ بولر ٹیمل ملز کی کارکردگی کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم این آر آر کے بارے میں سوچ رہے تھے جس کے سبب ہم نے ملان کو بلے بازی کے لیے نہیں اتارا، ہم چاہتے تھے کہ ہمارے بلے باز تیزی سے رن بنائیں لیکن پچ تھوڑی دشوارتھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 56 رنز کا ہدف باآسانی 4وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا تھا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 14.2 اوورز میں 55 رنز پر ڈھیر کردیا تھا ، ویسٹ انڈین ٹیم کا صرف ایک کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکا تھا۔