لندن: انگلیںڈ نے نیوزی لیںڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کو دوبارہ انگلش اسکواڈ میں منتخب کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انگلیںڈ نے نیوزی لیںڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے، ٹیم میں لیجنڈری فاسٹ بالرز جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی واپسی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ دونوں فاسٹ بالرز کو ایشیز سیریز میں شکست کے بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا، تاہم ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ہار کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے دونوں سینئر کھلاڑیوں کو ایک بار پھر اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی جوڑی نے انگلینڈ کے لیے 1 ہزار 177 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مابین سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہوگی۔
نیوزی لینڈ کیخلاف اعلان کردہ اسکواڈ میں کپتان بین اسٹوکس، جونی بیرسٹو، جو روٹ، ہیری بروک، زیک کرولی، بین فوکس، جیک لیچ، ایلکس لیز، کریگ اوورٹن، میتھیو پوٹس، جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ اور اولی پوپ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں ایشز سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد کرس سلورووڈ نے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پال کالنگ ووڈ کو نگراں کوچ کے طور مقرر کیا گیا تھا، جبکہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں شکست کے بعد جو روٹ نے بھی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔