The news is by your side.

Advertisement

چٹا گانگ ٹیسٹ: انگلینڈ کی بنگلادیش کو 22 رنز سے شکست

چٹاگانگ : انگلینڈ نے بنگلا دیش کو پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 22 رنز سے شکست دے دی. بنگلا دیش کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ناکام ہوگئی، بنگال ٹائیگرز 286 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکے۔

تفصیلات کے مطابق چٹا گانگ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بنگلا دیش کو 22 رنز سے شکست دے دی، انگلینڈ کے 286 رنز کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم 263رنزپر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلادیش ایک بار پھر جیت کے قریب پہنچ کر ہار گیا، پانچویں روز بنگلا دیشی کھلاڑی دن کو یادگار بنانے کا خواب لیے میدان میں اترے لیکن تمام خواب چکنا چور ہوگئے اور پوری ٹیم 263 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔

دوسری اننگز میں بنگلا دیش نے انگلینڈ کو تو جلد آؤٹ کرلیا لیکن خود سنبھل کر نہ کھیل سکے، میزبان ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا رہا، وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

چوتھے روز ہی بنگلا دیش کی ٹیم مشکل میں آگئی، بنگلا دیش کی آدھی ٹیم 140 رنز پر پویلین لوٹ گئی، بنگلا دیش کے تین کھلاڑی 33 رنز کے تعاقب میں محض 10 رنز ہی بنا سکے اور یوں ایک تاریخی فتح سے محروم ہو گئے۔

دوسری اننگز میں بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 9، امر القیس نے 43، مومن الحق نے 27، محمود اللہ نے 17، شکیب الحسن نے 24، مشفیق الرحیم نے 39 اور مہدی حسن مرزا نے 1 اسکور بنایا جبکہ قمر الاسلام بغیر کوئی اسکور بنائے آﺅٹ ہو گئے۔

برطانوی ٹیم کی جانب سے بین اسٹوکس نے بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ معین علی نے 3، عادل راشد نے 2 اور گیریتھ بیٹی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آخری روز بنگلا دیش کے بیٹسمینوں نے ہتھیار ڈال دیئے اور پوری ٹیم 263 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بین اسٹاکس کو بیٹنگ اور باﺅلنگ دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، انگلینڈ نے دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں