لندن (03 جنوری 2026): برطانیہ کے ہوم آفس نے انکشاف کیا ہے کہ رواں برس کے جنوری کے مہینے میں مجموعی طور پر 933 تارکین وطن نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے انگلش چینل عبور کیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش چینل سے تارکین وطن کی غیر قانونی کراسنگ رک نہ سکی، جنوری 2026 میں 933 تارکین نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے انگلش چینل کراس کیا اور برطانیہ میں داخل ہوئے۔
2021 کے بعد یہ کسی بھی جنوری میں سب سے کم کراسنگ رہی ہے، جس کی ممکنہ وجہ خراب اور طوفانی موسمی حالات بتائی جا رہی ہے۔ یہ تعداد جنوری 2025 میں ریکارڈ کی گئی 1,098 آمدوں کے مقابلے میں 15 فی صد کم ہے، جب کہ جنوری 2024 کے مقابلے میں 30 فی صد کم ہے جب 1,335 مہاجرین پہنچے تھے۔
حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد 40 ہزار غیر قانونی کراسنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا، اور تقریباً 50 ہزار غیر قانونی افراد کو حراست میں لے کر ملک بدر کیا۔ وزیر داخلہ شبانہ محمود کا کہنا ہے کہ اُن کی اوّلین ترجیح برطانوی امیگریشن کے سسٹم میں موجود سقم دور کرنا ہے، قانونی اور غیر قانونی امیگرنٹس دونوں ہی سسٹم کا استحصال کرتے چلے آ رہے ہیں، اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے پولیس اصلاحات ضروری ہیں۔
ہوم آفس کے ایک ترجمان نے کہا کہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد سے فرانسیسی حکومت کے ساتھ ’’مشترکہ تعاون‘‘ کے ذریعے چینل عبور کرنے کی 40 ہزار کوششوں کو روکا ہے، اور تقریباً 50 ہزار ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا اور ملک سے نکالا گیا جو غیر قانونی طور پر یہاں موجود تھے۔
برطانیہ نے مظاہرین کی ہلاکتوں پر ایرانی شخصیات پر نئی پابندیاں لگا دیں
ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ افراد جو چھوٹی کشتیوں کے ذریعے پہنچتے ہیں، واپس بھیجے جا رہے ہیں، 2025 میں مجموعی طور پر 41,472 مہاجرین نے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے چینل عبور کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 5 ہزار زیادہ تھا۔ فرانس کے ساتھ کیے گئے ’’ون اِن، ون آؤٹ‘‘ معاہدے کے تحت برطانیہ جتنے مہاجرین کو فرانس واپس بھیجے گا، اتنے ہی ایسے مہاجرین کو بدلے میں قبول کرے گا جن کے پاس برطانیہ میں پناہ کے لیے مضبوط کیس ہوگا۔
واضح رہے کہ برطانیہ چینل عبور کرنے والے کسی بھی شخص کو فوری طور پر حراست میں لے سکتا ہے اور تقریباً دو ہفتوں کے اندر فرانسیسی حکام کے ساتھ مل کر اس فرد کو واپس بھیجنے پر اتفاق کر سکتا ہے۔ وزیرِ داخلہ شبانا محمود نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ برطانیہ اب تک اس ون اِن، ون آؤٹ معاہدے کے تحت 281 مہاجرین کو فرانس واپس بھیج چکا ہے، تاہم کنزرویٹو پارٹی نے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال اٹھایا کہ جب 2025 میں 41 ہزار سے زائد مہاجرین پہنچے، تو صرف 281 افراد کو ہی کیوں واپس بھیجا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


