اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، اصلاحات کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت مافیا کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پی آئی ڈی میں اصلاحات لا رہے ہیں، اصلاحات کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت مافیا کرتا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ علاقائی پریس کا کام اپنےعلاقے کے مسائل اجاگر کرنا ہوتا ہے، پی آئی ڈی کو علاقائی صحافت کے مسائل بھی حل کرنے چاہئیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پی آئی ڈی کو آٹومیشن پر ہونا چاہیے، حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، نئی میڈیا اور اشتہارات پالیسی کے لیے روڈمیپ ترتیب دیا جا رہا ہے، ضلعی سطح پر پریس کلبوں کو بااختیار بنا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف قانون کے ساتھ کھڑی ہے، فردوس عاشق اعوان
یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف قانون کے ساتھ کھڑی ہے، انصاف کے لیے تحریک انصاف مسلسل جدوجہد کرتی رہی ہے۔