بدھ, جولائی 22, 2026
اشتہار

ڈریپ میں بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کے لیے ادویہ کی مناسب قیمت پر فراہمی کے سلسلے میں ڈریپ کا کلیدی کردار ہے، ادارے میں بدعنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ملک میں ادویات کی مناسب قیمتوں پر دستیابی کے حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضروری ادویہ کی دستیابی اور مناسب قیمتوں پر فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام ہیں، بھرپور کوشش ہے کہ جہاں جان بچانے والی اور تمام دیگر ضروری ادویات ملک میں آسانی سے دستیاب ہوں وہاں یہ ادویات مناسب قیمت پر عوام کو میسر آئیں، اس ضمن میں ڈریپ کی کارکردگی بہتر بنانے اور بد عنوانیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پالیسی سازی اور عمل درآمد کے ضمن میں حکومت کی حکمت عملی واضح ہے، یہ دو مختلف شعبے ہیں، دونوں کو یک جا کرنے سے مسائل جنم لیتے ہیں، ڈریپ کو مکمل فعال بنانے کے لیے کوششوں کو تیز کیا جائے اور انتظامی سطح پر ادارے کی افرادی قوت کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ پالیسی سازی اور اور پالیسیوں پر عمل درآمد کے شعبوں کو علیحدہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئے، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں عدالت کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں تاکہ ڈاکٹروں اور شعبے سے منسلک افراد کو مزید کسی دقت کا سامنا نہ ہو۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، سیکریٹری برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز، سی ای او ڈریپ عاصم رؤف اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبد القادر گزشتہ 14 برس سے اے آر وائی نیوز کے اسلام آباد بیورو سے بطور سینئر رپورٹر وابستہ ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیر اعظم آفس، وفاقی کابینہ کی رپورٹنگ کرتے ہیں، بالخصوص پاکستان تحریک انصاف، اپوزیشن قیادت اور اہم سیاسی تبدیلیوں پر گہری نگاہ رکھتے ہیں۔ سیاسی رپورٹنگ، پارلیمانی امور اور حکومتی و اپوزیشن حلقوں سے مستند خبروں کے حوالے سے ایک معتبر صحافتی آواز ہیں۔

مزید خبریں