انقرہ : ترک صدر اردوان نے نئے ایرانی سپریم لیڈر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم کبھی ایران کےمدمقابل نہیں آئیں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، جس میں انھوں نے نئے ایرانی سپریم لیڈر (مجتبیٰ خامنہ ای) کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس اہم رابطے میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اردوان نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ ایران کے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت ناقابل قبول ہے، ترکیہ کبھی بھی ایران کے مدمقابل نہیں آئے گا، بلکہ ایک دوست اور پڑوسی ملک کے طور پر ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی رجیم (اسرائیل) اور امریکہ، ایران کے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں، جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
رجب طیب اردوان نے یقین دلایا کہ ترکیہ خطے میں جاری تناؤ کو کم کرنے کے لیے اپنا فعال سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ترک ہم منصب کے جذبات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ سے خطے میں تناؤ کم کرنے اور مذاکرات کے لیے آمادہ رہا ہے۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ پڑوسی ملکوں کی سرزمین، فضائی یا آبی حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی حملے کے لیے استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


