اسپائیڈر مین کے اداکار ٹام ہالینڈ اور فٹ بال کے سپر اسٹار ارلنگ ہالینڈ کے درمیان سوشل میڈیا پر جاری ‘میسجنگ کا قصہ’ بالآخر ایک خوشگوار موڑ پر پہنچ گیا ہے۔
کچھ عرصہ قبل ٹام ہالینڈ نے ‘دی ٹونائٹ شو’ میں میزبان جمی فیلن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے مانچسٹر سٹی کے اسٹرائیکر ارلنگ ہالینڈ کو انسٹاگرام پر ڈنر کی دعوت دی تھی، جس کا انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔
ہالینڈ کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ان کے لیے ایک بہترین ‘عاجزی کا سبق’ ثابت ہوا، کیونکہ انہیں احساس ہوا کہ شہرت کے باوجود انہیں نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔
تاہم اب فٹ بال اسٹار ارلنگ ہالینڈ نے بالآخر اس دعوت کا جواب دے دیا ہے، ارلنگ ہالینڈ نے ‘دی ٹونائٹ شو’ کے ایک کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’ڈنر کی دعوت قبول کی جاتی ہے۔ تھوڑی دیر ہو گئی، بس جگہ کا نام بتاؤ!‘
ہالینڈ نے اپنے پیغام کے ساتھ ہنستے ہوئے ایموجی کا بھی استعمال کیا، جس سے یہ واضح ہوا کہ وہ اپنی تاخیر کا اعتراف کر رہے ہیں۔ اس دلچسپ تبادلے پر مداحوں کی جانب سے خوب خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور اسے ‘سلیبریٹی ڈی ایم’ کی کہانی کا ایک خوشگوار انجام قرار دیا جا رہا ہے۔
ہالی ووڈ اسٹار ٹام ہالینڈ کا دوستی کا پیغام فٹبالر ارلنگ ہالینڈ نے کیوں نظرانداز کیا؟
اگرچہ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ آیا یہ دونوں ستارے واقعی ایک ساتھ کھانا کھانے جائیں گے یا نہیں، لیکن ارلنگ ہالینڈ کی جانب سے عوامی سطح پر دعوت قبول کرنے کے بعد اب مداح اس ملاقات کے منتظر ہیں۔


