تہران (19 اپریل): ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے نائب صدر یورپی کمیشن کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرنے والے اب ہمیں عالمی قوانین پر لیکچر دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز میں ‘غیر مشروط راہداری’ کے یورپی مطالبات کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں منافقت قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف فوجی جارحیت کے بعد ایسے مطالبات کی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ یورپی یونین اسرائیل کی کھلی جارحیت پر خاموش رہ کر دوسروں کو اخلاقیات کا درس دے رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ یورپ ایرانی عوام پر ہونے والے مظالم کو دوسری نگاہ سے کیوں دیکھتا ہے؟ اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ یورپی یونین کا دوہرا معیار اور عالمی قوانین کا حوالہ دینا ان کے تضادات کو ظاہر کرتا ہے، کیونکہ وہ ایک طرف جارحیت پر خاموش ہیں اور دوسری طرف دوسروں پر تنقید کر رہے ہیں اور ایرانی عوام پر ہونے والے مظالم کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یورپی یونین کمیشن کی نائب صدر کاجا کالس نے پوسٹ میں کہا تھا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت آبنائے ہرمز کو کھلا اور ہر قسم کے معاوضے سے پاک ہونا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



