(19 جولائی 2026): فرانسیسی فٹبال ٹیم کے کپتان کیلین ایمباپے نے غلطی سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہسپانوی اداکارہ ایسٹر ایکسپوزیتو کی تصویر لگا دی۔
کیلین ایمباپے ایک بار پھر کھیل کے میدان سے باہر خبروں کی زینت بن گئے۔ ریئل میڈرڈ کے فارورڈ نے چند سیکنڈز کیلیے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی، جس میں ہسپانوی اداکارہ ایسٹر ایکسپوزیتو نے فرانسیسی فٹبال ٹیم کی جرسی اور کپتان کا آرم بینڈ پہن رکھا تھا۔
مذکورہ انسٹاگرام پوسٹ چند سیکنڈ بعد ڈیلیٹ کر دی گئی، لیکن کئی صارفین اسکرین شاٹ لینے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایمباپے نے فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور عالمی ریکارڈ بنا لیا
انسٹاگرام پوسٹ کا انکشاف کنٹینٹ کریئٹر جاوی ہائوس نے کیا جن کا دعویٰ ہے کہ یہ تصویر انگلینڈ کے ہاتھوں فرانس کو شکست کے کچھ ہی دیر بعد صبح تقریباً 5:30 بجے پوسٹ کی گئی تھی۔
جاوی ہائوس کے مطابق متعدد فالوورز نے انہیں وہ اسکرین شاٹس بھیجے جو فٹبالر کے پروفائل پر اسٹوری نمودار ہونے کے چند سیکنڈز بعد ہی لے لیے گئے تھے۔
کنٹینٹ کریئٹر نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہوں نے کئی اسکرین شاٹس دکھائے، جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ پوسٹ ہونے کے 9، 23 اور 57 سیکنڈز بعد لیے گئے تھے۔
فی الحال نہ تو ایمباپے اور نہ ہی ایسٹر ایکسپوزیتو نے اس تصویر کے بارے میں کوئی بیان دیا ہے اور نہ ہی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ کسی رشتے میں ہیں۔



