تازہ ترین

یورپی یونین نے افغانستان کے لیے 535 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کردیا

جنیوا: یورپی یونین نے افغانستان میں امن اور بحالی کے لیے 535 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں افغان کانفرنس جاری ہے جس میں یورپی یونین نے جنگ زدہ افغانستان میں امن اور بحالی کے لیے 535 ملین ڈالرز امداد کی منظوری دے دی ہے۔

اقوام متحدہ اور افغان حکومت کے اشتراک سے منعقد کی گئی افغان کانفرنس میں پاکستان، روس، چین اور متعدد یورپی ممالک کے نمائندے شرکت کررہے ہیں، اعلیٰ سطح کا وفد افغان کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔

امدادی پیکیج میں سے 351 ملین ڈالر خدمت عامہ کی اصلاحات، 90 ملین ڈالر صحت اور خوراک کی کمی کو دور کرنے کے لیے اور 16 ملین ڈالر 2019 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی مد میں خرچ کیے جائیں گے جبکہ 42 ملین ڈالر کا ایک اور معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔

کانفرنس میں افغانستان میں امن و استحکام اور سیکیورٹی معاملات پر بات کی جارہی ہے، افغان حکومت سیکیورٹی معاہدوں کی بھی تجدید کرے گی۔

واضح رہے کہ یونیسیف افغانستان کے سربراہ ایلسن پارکر نے متنبہ کیا تھا کہ جنگ زدہ افغانستان میں بچوں کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے اور 5 لاکھ کے قریب بچے فاقہ کشی کے باعث ہلاک ہونے کا خدشہ ہے جس سے بچنے کے لیے ہنگٓامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Comments

- Advertisement -