واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ پر بھی 25 فی صد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ پر بھی پچیس فی صد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دے دی، پہلی کابینہ اجلاس میں ٹرمپ نے کہا یورپی یونین کافی حد تک اپنے مقصد میں کامیاب رہی، ہم سے بہت فائدہ اٹھایا، لیکن اب میں صدر ہوں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یورپی یونین کا قیام امریکا کو نقصان پہنچانے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔
دوسری طرف یورپی کمیشن نے اس بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین دنیا کی سب سے بڑی آزاد تجارتی منڈی ہے، اور یہ امریکا کے لیے بھی ایک اعزاز ہے، تاہم کسٹم ڈیوٹی پر ہمارا جواب بھی فوری اور مضبوط ہوگا۔
یورپی یونین کی ایگزیکٹو برانچ نے جمعرات کو کہا کہ 27 ممالک کا بلاک امریکا کو کمزور کرنے کے لیے نہیں بنایا گیا تھا، جیسا کہ امریکی صدر نے کہا ہے، بلکہ اس کی بجائے دنیا کی اس سب سے بڑی آزاد منڈی نے امریکی کمپنیوں کو بڑے اقتصادی ثمرات سے مستفید کیا۔
افغانستان میں امریکی اسلحہ، ٹرمپ نے بھی پاکستان کے مؤقف کی تائید کر دی
یورپ نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکا جانے والی تمام یورپی یونین کی مصنوعات پر 25 فی صد کے تھوک ٹیرف کے خلاف بھرپور طریقے سے لڑے گا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ٹیرف کاروں اور دیگر تمام چیزوں پر عائد ہوگا۔
یورپی یونین نے کہا کہ جس لمحے محصولات کا اعلان کیا جائے گا، وہ بوربن، جینز اور موٹر سائیکلوں جیسی مشہور امریکی صنعتوں پر سخت جوابی اقدامات کرے گا۔ یونین کے تجارتی ترجمان نے کہا ہم ہر موڑ پر اپنے صارفین اور کاروبار کی حفاظت کریں گے۔