ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

عمرہ ویزے پر والدہ کی آڑ میں سعودی عرب کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام، 4 مسافر آف لوڈ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد(20 جولائی 2026): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران 4 مسافروں کو آف لوڈ کر کے یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ ان میں سے ایک مسافر پہلے بھی ترکیہ سے ڈیپورٹ ہو چکا ہے۔ شک بڑھنے پر جب تلاشی لی گئی تو 2 مسافروں کے قبضے سے آذربائیجان کے وزٹ ویزے بھی برآمد ہوئے، جس نے مسافروں کے انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک سے تعلق کو واضح کر دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کے موبائل فونز کی فرانزک کی گئی تو معلوم ہوا کہ 2 مسافر اپنی والدہ کو عمرہ کروانے کے بہانے ساتھ لے جا رہے تھے۔ ملزمان کا منصوبہ یہ تھا کہ وہ اپنی والدہ کو عمرہ کروانے کے بعد واپس پاکستان بھیج دیں گے اور خود وہاں سے آگے غیر قانونی سفر جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ موبائل چیٹ سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ مسافر باکو اور سربیا روٹ کے ذریعے یورپ پہنچنا چاہتے تھے اور اس مقصد کے لیے وہ انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے ایجنٹس سے مسلسل رابطے میں تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق آذربائیجان کے وزٹ ویزوں کی برآمدگی اور موبائل ڈیٹا سے ملزمان کا جرم ثابت ہونے پر چاروں مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے اور انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں