تازہ ترین

یورپ نے روسی ڈیزل ذخیرہ کرنا شروع کر دیا

لندن: یورپ نے بڑے پیمانے پر روسی ڈیزل ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ میں اگلے ماہ روسی ڈیزل کی درآمد پر پابندی لگائی جا رہی ہے، اس پابندی سے قبل ہی یورپ نے روسی ڈیزل بڑے پیمانے پر ذخیرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ کی ذخیرہ اندوزی سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنا ممکن نہیں رہے گا۔ سی سی این نے رپورٹ کیا کہ فروری کے اوائل میں روس کی جانب سے درآمدات پر پابندی کے نفاذ سے قبل، یورپ روس سے ڈیزل ایندھن خریدنے کے لیے بڑی عجلت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

یورپ کی جانب سے غیر معمولی ذخیرہ اندوزی سے ٹرکوں، ڈرائیوروں اور کاروباروں کے لیے قیمتوں کے نئے جھٹکے کو روکنے کا امکان باقی نہیں رہے گا۔

توانائی کے اعداد و شمار فراہم کرنے والی کمپنی وورٹیکسا کے مطابق جنوری کے پہلے دو ہفتوں میں یورپی ممالک نے تقریباً 8 ملین بیرل روسی ڈیزل حاصل کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے، یورپی یونین نے روسی تیل اور قدرتی گیس کی سپلائی سے خود کو چھڑانے کی بہت کوشش کی ہے، یورپی یونین کے ممالک نے پابندی سے قبل روس سے اپنی خام تیل کی درآمدات میں بڑی حد تک کمی بھی کر دی ہے، تاہم ڈیزل کے معاملے میں یورپ بے بس دکھائی دیتا ہے، کیوں کہ ایندھن کے متبادل ذرائع تلاش کرنا بہت مشکل ہے۔

روس یورپی بلاک کا سب سے بڑا ڈیزل سپلائر ہے، انرجی ریسرچ کمپنی ’رِسٹاڈ انرجی‘ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال یورپ کو ڈیزل کی کل درآمدات کا 29 فی صد روسی ڈیزل پر مبنی تھا۔ یورپ کے ارد گرد سامان اور اجناس کی نقل و حمل کا بڑا ذریعہ یہی ایندھن ہے۔ یورپ کے ڈیزل کاروں کا انحصار بھی روسی ڈیزل پر ہے، یورپی آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق تقریباً 91 فی صد وین اور 96 فی صد ٹرک ڈیزل پر چلتے ہیں، جب کہ تقریباً 42 فی صد مسافر کاریں ڈیزل پر ہیں۔

Comments

- Advertisement -