لندن: واٹس ایپ پر بچوں کی نازیبا تصاویر شیئر کرنے پر اسکاٹ لینڈ یارڈ نے سابق برطانوی ٹی وی میزبان پر باقاعدہ چائلڈ پورنو گرافی کے الزامات عائد کر دیے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے ہیو ایڈورڈز پر باقاعدہ طور پر چائلڈ پورنو گرافی کے الزامات عائد کر دیے ہیں، جو سنگین نوعیت کے ہیں، 62 سالہ ہیو ایڈورڈز پر بچوں کی نازیبا تصاویر واٹس ایپ پر شیئر کرنے کا الزام ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق سابق میزبان نے ایک واٹس ایپ چیٹ میں مبینہ طور پر 37 نازیبا تصاویر شیئر کی تھیں جس کے بعد ان پر چائلڈ پورنوگرافی کے 3 چارجز لگائے گئے ہیں۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق ہیو ایڈورڈز کو دسمبر 2020 سے اپریل 2022 کے دوران نازیبا تصاویر شیئر کرنے کے 3 الزامات کا سامنا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں گزشتہ سال 8 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا جب کہ کراؤن پراسیکیوشن سروس کی اجازت کے بعد صرف ایک ماہ قبل ان پر 26 جون کو چارج لگایا گیا تھا۔
ہیو ایڈورڈز اس وقت ضمانت پر ہیں اور وہ کل یعنی بدھ کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوں گے۔ چارج شیٹ کے مطابق ایڈورڈز پر واٹس ایپ پر 6 کیٹیگری اے کی تصاویر، 12 کیٹیگری بی کی تصاویر اور 19 کیٹیگری سی کی تصاویر ڈالنے کا الزام ہے۔