قطر میں سابق بھارتی نیوی افسرکی دوبارہ گرفتاری مودی کی بدترین سفارت کاری کیلئے نئی آزمائش شروع ہوگئی تاہم بھارتی وزارتِ خارجہ نے گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قطر میں سابق بھارتی بحریہ کے افسر کی دوبارہ گرفتاری نے ایک بار پھر بھارتی حکومت، بالخصوص مودی سرکار کی سفارتی ناکامیوں کو عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔
اگست 2022 میں سابق بھارتی فوجی اہلکاروں کی گرفتاری سے شروع ہونے والا یہ حساس معاملہ دوبارہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جس پر نہ صرف عالمی میڈیا بلکہ خود بھارتی ذرائع ابلاغ نے بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
انڈین ایکسپریس نے بتایا کہ بھارتی وزارتِ خارجہ نے قطر میں سابق بھارتی بحریہ کے افسر کمانڈر پورنیندو تیواری کی دوبارہ گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا کہ قطر نے پورنیندو تیواری کو اگست 2022 میں سات دیگر سابق بھارتی فوجی اہلکاروں کے ہمراہ حراست میں لیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2023 میں قطری عدالت نے جاسوسی کے الزامات ثابت ہونے پر آٹھ سابق بھارتی بحریہ کے افسران کو سزائے موت سنائی تھی، جس کے بعد بھارت میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔
تاہم بھارتی حکومت کی سفارتی مداخلت کے باوجود فروری 2024 میں بھی پورنیندو تیواری کو سنگین اضافی الزامات کے باعث بھارت کے حوالے نہیں کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے بعد اب خود بھارتی جریدے انڈین ایکسپریس نے بھی اس معاملے کو بھارتی فوج کے لیے عالمی سطح پر ہزیمت قرار دیا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ قطر میں سابق بھارتی بحریہ کے افسر کی گرفتاری محض ایک فرد کا معاملہ نہیں بلکہ یہ بھارتی عسکری تربیت اور نظام میں موجود سنگین خامیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارتی فوج پہلے ہی بدعنوانی، رشوت خوری اور اخلاقی جرائم جیسے الزامات کی زد میں رہی ہے، جبکہ اندرونی کرپشن نے اس کے پیشہ ورانہ دعوؤں کو عالمی سطح پر بھی نقصان پہنچایا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج میں بڑھتی ہوئی سیفرونائزیشن اور ہندوتوا نظریات نے ادارے کو مزید کمزور کر دیا ہے، جس کے اثرات اب بیرونِ ملک گرفتاریوں اور عدالتی کارروائیوں کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔
دفاعی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ بدنامِ زمانہ بھارتی فوج کے اہلکاروں کی بیرونِ ملک گرفتاریوں نے بھارت کی سیاہ سیاست اور غیر پیشہ ورانہ عسکری حقائق پر ایک اور بدنما داغ لگا دیا ہے، جبکہ مودی سرکار ان حقائق کو چھپانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔


