کراچی : کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار سب سے بڑا معاشی دہشت گرد ہے، تاجربرادری فوری استعفے کا مطالبہ کرے، پوری دنیا ہم پر ہنس رہی ہے کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد بھی اسحاق ڈاروزیرخزانہ ہیں۔
وائس چیئرمین بی ایم جی ہارون فاروقی کی جانب سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف مضبوط قرارداد منظور کرنے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے سراج قاسم تیلی نے کہا کہ کے سی سی آئی کو مکمل اتفاق رائے سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے فوری استعفے کا مطالبہ کرنا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار پرکرپشن کے کیس میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے اور وہ ملک میں اقتصادی بحران پیدا کرنے کے پوری طرح ذمہ دار ہیں۔
مزید پڑھیں : وزیرخزانہ اسحاق ڈار پرفرد جرم عائد
سراج قاسم تیلی نے کہا کہ ساری دنیا ہم پر ہنس رہی ہے کہ ان کے موجودہ وزیرخزانہ پر کرپشن کیس میں فرد جرم عائد کیا جا چکا ہے لہٰذا اسحاق ڈار کو فوری طور پر اس وقت تک کے لیے مستعفی ہو جانا چاہئے جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا۔
مزید پڑھیں: وزیرخزانہ اسحاق ڈار دیانت داراوردین دارشخص ہیں، سعدرفیق
انہوں نے سی پیک منصوبے پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں جانب جیت کی صورتحال پیدا ہونے کہ امکانات نظر نہیں آرہے جو صرف چائنا کے لئے تجارتی لحاظ سے قابل قبول ہے جبکہ پاکستان کو صرف انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لحاظ سے فائدہ ہوگا، اس منصوبے سے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بہت زیادہ نقصان متوقع ہے۔