لاہور (13 جولائی 2026): آل پاکستان ایل پی جی مارکیٹنگ آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران نے کہا ہے کہ ملک بھر میں مہنگی گیس اور بحران کا اصل ذمہ دار اوگرا ہے۔
لاہور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے الماس احمد خان نے رپورٹ کیا ہے کہ آل پاکستان ایل پی جی انڈسٹری آرگنائزنگ کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے چیئرمین حاجی نعمان احمد نے کہا کہ گیس ہر گھر کی ضرورت ہے، اور اوگرا حکام حکومت کو قیمتوں کے نوٹیفکیشن پر گمراہ کر رہے ہیں۔
چئیرمین ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیز، پلانٹس مالکان اور ٹرانسپورٹرز، حاجی نعمان نے الزام لگایا کہ متعلقہ وزارت اور اوگرا کی ناقص حکمت عملی سے عوام مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔
پاکستان نے ایل این جی کا ایک اور اسپاٹ کارگو خرید لیا
ایل پی جی ڈیلرز اور اسٹیک ہولڈرز نے اعلان کیا کہ اب ان کا کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، اور یہ کہ ان کا صبر جواب دے چکا ہے، انھوں نے کہا اوگرا کے دعوؤں کے برعکس حقائق مختلف ہیں، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں ایل پی جی دکانیں اور ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند کر کے اگلے ہفتے سے سڑکوں پر ہوں گے۔
ایل پی جی اسٹیک ہولڈرز نے اوگرا کو الٹی میٹم دیا ہے کہ اگلے ہفتے پلانٹس بند کر کے دکانوں کو تالے لگا کر سڑکوں پر اجتجاج کیا جائے گا۔


