اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان سستے تیل اور ایل این جی خریداری کے معاملے پر مذاکرات کا آغاز ہوگیا، جو 20 جنوری تک جاری رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق روس سے سستے تیل اور ایل این جی خریداری کے معاملے پر پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے ماہرین سطح کے مذاکرات شروع ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا دونوں ممالک کے وزرا کی سطح پر مذاکرات کل ہوں گے، مذاکرات کے لئے روسی وزیر توانائی آج پاکستان پہنچیں گے۔
بین الحکومتی کمیشن اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اقتصادی امور ڈویژن ایاز صادق اور روسی وفد کی نمائندگی روسی وزیر توانائی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک روس مذاکرات 18 سے 20 جنوری تک جاری رہیں گے، مذاکرات میں روس سے سستا خام تیل پٹرول اور ڈیزل سمیت ایل این جی خریداری پر بات چیت ہو گی۔
اس دوران پاکستان اور روس پاک سٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بھی بات کریں گے جبکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔