خیرپور پولیس ٹریننگ سینٹر میں اہلکاروں کو ایکسپائر بوسٹر ڈوز لگانے کی اطلاعات پر ڈی آئی جی سکھر نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیرپور کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں 200اہلکاروں کو کورونا کے اومی کرون وائرس سے بچاؤ کے لیے بوسٹر ڈوز لگانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ ٹیم آئی تھی۔
ویکسین پر دسمبر 2021 کی ایکسپائری تاریخ درج تھی، ان اطلاعات پر ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی نے نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی آئی جی نے تحقیقات کے لیے ڈی ایس پی غلام علی جمانی انکوائری افسرمقررکیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی سکھر طارق قریشی کا کہنا ہے کہ پولیس ٹریننگ سینٹرمیں ویکسین کیلئےڈسٹرکٹ ہیلتھ کی ٹیم آئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویکسین ایکسپائری کی تاریخ کے 3 ماہ بعد بھی لگائی جاسکتی ہے، خطرے کی کوئی بات نہیں، اس حوالے سے معلومات حاصل کی ہیں اور معاملے کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے۔