کراچی : مالک کو بھتے کی پرچی دینے والے ملازم کو پولیس نے ڈرامائی انداز سے گرفتار کرلیا، ملزم مدعی کا ذاتی ڈرائیور نکلا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کینٹ پولیس نے مالک سے بھتہ طلب کرنے والے اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ملزم نے فون کال اور بھتے کی پرچی کی مدد سے 80 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔
ملزم کی جانب سے بھتہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مدعی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، بعد ازاں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت داؤد خان کے نام سے ہوئی ہے جو مدعی کا ذاتی ڈرائیور ہے گرفتار ملزم نے دوران تفتیش بھتے کی پرچی دینے کے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی کے ایک اور تاجر کو 10 کروڑ روپے بھتے کی پرچی موصول
یاد رہے کہ کراچی میں بھتہ خور گروہ ایک بار پھر سرگرم ہے، صرف دو دن کے اندر بھتے کے دو سنگین واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے باعث تاجر اور کاروباری طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
ایک ہفتے قبل منگھوپیر کی ماربل فیکٹری کے مالک کو دس کروڑ روپے کی بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی ، پرچی کے ساتھ پستول کی دو گولیاں بھی بھیجی گئیں تھیں۔
اس سے قبل نیو ایم اے جناح روڈ پر ایک شوروم کے مالک سے پچاس لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور بھتہ نہ دینے پر نامعلوم ملزمان نے شوروم پر فائرنگ بھی کی تھی۔


