کراچی : شہر قائد میں سی آئی اے کے اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے سرجانی ٹاؤن میں مقابلے کے بعد انتہائی مطلوب بھتہ خور کو ہلاک کردیا۔
پولیس کی جانب سے سرجانی ٹاؤن کے علاقے جیلانی گوٹھ میں بھتہ خور گروہ کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ایس آئی یو اور سی آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرکے بھتہ خور گروہ صمد کاٹھیاواڑی کا نیٹ ورک توڑ دیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان نے فائرنگ کردی جسکے بعد ایس آئی یو اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان ایس آئی یو پولیس مطابق پولیس اور ملزم کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہا، جس کے باعث علاقے میں پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس پر فائرنگ کرنے والا صمد کاٹھیاواڑی گروہ کا اہم شوٹر احتشام الدین عرف آصف برگر مارا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والے ملزم سے اسلحہ گولیاں اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزم نے پولیس پر اندھادھند فائرنگ کی، مقابلے میں ایس آئی یو کا اہلکار محفوظ رہا، بلٹ پروف جیکٹ پر فائر لگے۔
انہوں نے بتایا کہ فنگر پرنٹ کے ذریعے شناخت اور مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا،
ملزم کی شناخت احتشام الدین عرف آصف برگر کے نام سے ہوئی
ملزم پر سنگین نوعیت کے13سے زائد مقدمات درج ہیں، ملزم کیخلاف بھتہ، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور اسٹریٹ کرائم کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ نے بتایا کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والا ملزم غلام قادر کا ساتھی ہے جو گزشتہ رات پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


