اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں تین معصوم شہریوں کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے قتل کی عالمی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ روز جعلی مقابلے میں بھارتی قابض افواج نے تین کشمیری مزدوروں کو شہید کیا، اور واقعے کو مقابلے کا رنگ دینے کی بھونڈی کوشش کرتے ہوئے شہید مزدوروں کے ساتھ اسلحہ رکھ دیا گیا، پاکستان بین الاقوامی سطح پر ان مزدوروں کے قتل کی شفاف طریقےسےتحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق جعلی سرچ آپریشن اور جعلی مقابلوں کےنام پر ان کو شہید کیا گیا، دنیا ان مظالم پربھارت کو جواب دہ بنائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ کے مطابق کشمیری لوگوں کےخلاف بھارتی جرائم کی طویل فہرست ہے، ایک سال میں تین سو معصوم کشمیری،خواتین اوربچوں کو شہیدکیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں شہری کی موت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی لاشوں سے ہتھیار باندھ کر انہیں حریت پسند قرار دیتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر پولیس کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں تین مزدوروں کو جعلی مقابلے میں قتل کرکے ہتھیار جسم سے باندھے گئے، بھارتی کیپٹن بھوپندر سنگھ اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا کشمیری رہنماؤں کی مسلسل نظربندی اور بگڑتی صحت پر اظہار تشویش
اہلخانہ نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ تینوں سیب کے باغات میں مزدوری کے لیے گئے تھے،انہیں بھارتی فورسز نے قتل کیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق عوامی احتجاج کے بعد ستمبر میں قبرکشائی کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ کیے گئے، علاوہ ازیں کپواڑہ میں ایل او سی کے قریب تین کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ماضی میں بھی سینکڑوں کشمیری جعلی مقابلے میں شہید ہوچکے ہیں، جعلی مقابلے ، ماورائے عدالت ہلاکتیں، غیرقانونی حراستیں قابض فوج کا وطیرہ بن چکی ہیں۔