کراچی : آج بھی صبح کے اوقات میں ہی محسوس کیا جانیوالا درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچ گیا تاہم آج سے موسم بہترہونے کی امید ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کے ستائے شہریوں کا امتحان طویل ہوگیا، سمندری ہوائیں مکمل بحال نہ ہونے سے گرمی کی شدت برقرار ہے۔ .
شہر کا درجہ حرارت اس وقت تو 37 سینٹی گریڈ ہے لیکن شدت 43 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت بھی پچپن فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج پھر موسم بہتر ہونے کی امید دی ہے، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج سےسمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سےسمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے کا امکان ہے اور زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈتک جاسکتا ہے اور کل سے درجہ حرارت میں واضح کمی آئے گی۔
دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں میں بھی گرمی کی شدت برقرارہے، لاڑکانہ میں گرمی کی شدت اڑتالیس سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔ دادو میں سینتالیس، سکھرپینتالیس اورنواب شاہ میں گرمی کی شدت بیالیس سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔