ملتان: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت پر کارروائی کرتے ہوئے لئیق رفیق اسپتال کا آپریشن تھیٹر سر بمہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ ملتان میں نجی اسپتال کا آپریشن تھیٹر سر بمہر کر دیاگیا ہے، کمیشن کی 4 رکنی ٹیم نے اسپتال کا دورہ کر کے ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق نجی اسپتال کے ڈاکٹر اور عملے کے بیانات بھی قلم بند کر لیے گئے، ترجمان نے کہا انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈاکٹر نے 16 افراد کی زندگی اجاڑ دی
یاد رہے ملتان کے علاقے لاڑ میں واقع نجی شعبے کے اسپتال لئیق رفیق میں گزشتہ دنوں 20 افراد نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ صحت کارڈ کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے موتیا کے لیے آنکھوں کی سرجری کروائی تھی، تاہم آپریشن کے اگلے ہی روز 20 میں 16 مریضوں کی آنکھوں میں شدید نوعیت کا انفیکشن ہوگیا اور یکے بعد دیگرے متاثرہ مریضوں کی بینائی چلی گئی۔
آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آنکھوں کی غلط سرجری کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کاحکم دیا تھا۔
غلط سرجری سے 16مریض بینائی سے محروم ، وزیراعلی پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب
آنکھوں کی روشنی چھن جانے پر مریضوں اور لواحقین نے نجی ٹرسٹ اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا تھا، اور محکمہ صحت سے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، رپورٹ کے مطابق جن مریضوں کی آنکھوں کی بینائی گئی، ان میں 7 خواتین بھی شامل ہیں۔