ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرکالجیٹ میراتھون ریس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرکالجیٹ میراتھون ریس کا انعقاد ہوا، جس میں مختلف کالجز سے مجموعی طور پر 313 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔

جامعہ کراچی میں انٹرکالجیٹ ٹورنامنٹ 2026ء کے تحت میراتھون ریس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کیا۔

میراتھون ریس کا ٹریک مسکنِ جامعہ کراچی سے بوٹینیکل گارڈن جامعہ کراچی تک محیط تھا۔

طلبہ کی میراتھون ریس صبح 10 بجے شروع ہوئی، جبکہ طالبات کی ریس کا آغاز صبح ساڑھے 10 بجے ہوا، اس 2.7 کلومیٹر طویل میراتھون ریس میں جامعہ کراچی اور شہر کے مختلف کالجز سے مجموعی طور پر 313 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں 176 طلبہ اور 137 طالبات شامل تھیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرکالجیٹ میراتھون ریس کا انعقاد جامعہ کراچی کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جسے شرکاء اور اساتذہ کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کھیل کسی بھی معاشرے کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگری کا حصول نہیں بلکہ متوازن شخصیت کی تشکیل ہے، اور یہ توازن اس وقت ممکن ہوتا ہے جب ذہنی نشوونما کے ساتھ جسمانی صحت پر بھی توجہ دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور مثبت مقابلے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں، جو زندگی کے ہر میدان میں کامیابی کی ضمانت بنتے ہیں۔ میراتھون ریس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دوڑ نہیں بلکہ حوصلے، صبر اور خود اعتمادی کی علامت ہے۔ میراتھون ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ کامیابی رفتار میں نہیں بلکہ مستقل مزاجی میں پوشیدہ ہوتی ہے۔

وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ زندگی بھی ایک میراتھون کی مانند ہے، جہاں ہر قدم اہم ہوتا ہے، ہر مشکل انسان کو مزید مضبوط بناتی ہے، اور کامیابی انہی افراد کا مقدر بنتی ہے جو ثابت قدم رہتے ہیں اور ہمت نہیں ہارتے

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں