لندن(15 مارچ 2026): مشرقِ وسطیٰ میں جاری حالیہ تنازع کے باعث فارمولا ون انتظامیہ نے اپریل میں بحرین اور سعودی عرب میں ہونے والی ریسیں منسوخ کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
لبرٹی میڈیا اور عالمی گورننگ باڈی ایف آئی اے کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے ماہ شیڈول ان دونوں ریسوں کی منسوخی کی جگہ کیلنڈر میں کوئی دوسری ریس شامل نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق لاجسٹکس اور موسمی حالات کے باعث ان ریسوں کے رواں سال کے آخر میں دوبارہ انعقاد کا امکان بھی کم ہے، جس کے نتیجے میں سیزن کی کل ریسیں 24 سے کم ہو کر 22 رہ جائیں گی۔ فارمولا ون کے چیف ایگزیکٹو سٹیفانو ڈومینیکلی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں یہ ایک مشکل لیکن درست فیصلہ تھا۔
واضح رہے کہ بحرین کے صخیر سرکٹ میں 12 اپریل کو سیزن کا چوتھا راؤنڈ ہونا تھا، جس کے اگلے ہفتے سعودی عرب کے جدہ کورنیش ٹریک پر ریس شیڈول تھی۔ خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور فضائی حدود کی بندش کے باعث ٹیموں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
اس فیصلے سے فارمولا ٹو، فارمولا تھری اور خواتین کی ایف ون اکیڈمی کے راؤنڈز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے کے صدر محمد بن سلیم نے کہا کہ کمیونٹی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم خطے میں جلد استحکام اور امن کی امید کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ بحرین اور سعودی عرب فارمولا ون کے لیے مالی اعتبار سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جہاں بحرین سالانہ تقریباً 4.5 کروڑ ڈالر فیس ادا کرتا ہے جبکہ سعودی عرب کی فیس اس سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


