فیصل آباد : سبزی فروش کے قتل میں ملوث ایف اے کے طالب علم کو گرفتار کرلیا گیا ، طالب علموں نے بس نہ روکنے کی رنجش پر ڈرائیور پر فائرنگ کی تھی، جس سے سبزی فروش جاں بحق ہو گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے بھائی والا پھاٹک پر سبزی فروش کے قتل کے مرکزی ملزم ولید کو کھرڑیاں والا سے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم اور اس کے ساتھی سرکاری کالج میں ایف اے کے طالب علم ہیں، ملزم ولید نے بس نہ روکنے پر ڈرائیور پر فائرنگ کی تھی، جس میں چار بچوں کا باپ سبزی فروش مقبول نشانہ بنا تھا۔
جھمرہ روڈ پر چوبیس اگست کی دوپہر سرکاری کالج کے موٹرسائیکل سوار تین طالب علموں نے بس نہ روکنے کی رنجش پر ڈرائیور پر فائرنگ کی تھی۔
فائرنگ کے نیتجے میں وہاں سے اپنی گدھا گاڑی پر گزرتا ہوا سبزی فروش مقبول گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا، مقتول نواحی گاوں باٹھاں کا رہائشی اور چار بچوں کا باپ تھا۔
واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے تھے، جن کے خلاف تھانہ ملت ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔
آج بدھ کی صبح تھانہ کھرڑیاں والا پولیس نے مخبری پر مقامی گاؤں میں اپنے رشتے دار کے گھر میں روپوش مرکزی ملزم ولید کو گرفتار کر لیا، ولید کے دو ساتھی ملزم اور کلاس فیلوز حسنین اور احتشام کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔