رحیم یار خان(17 جنوری 2026): پکے میں رہائش پذیر کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کار پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
رحیم یار خان میں پکے میں رہائش پذیر کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کاری کرنے والوں کیخلاف پولیس نے کارروائی کیم مقابلے میں کچے کے ڈاکوؤں کے 2 سہولت کار ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ آباد پور کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے سہولت کاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس سرچ آپریشن کررہی تھی۔
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 سہولت کار مجید عرف ماجو اور اکرم ہلاک ہو گئے، ہلاک ملزمان کچے ڈاکوؤں کی سہولت کاری، ڈکیتی، رہزنی جیسے مقدمات میں اشتہاری تھے۔
گزشتہ روز رحیم یارخان میں کچے میں ٹارگٹڈ آپریشن کے نتیجے میں سیکھانی اور کوش گینگ کے 10 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے۔
ڈی پی او رحیم یار خان کے مطابق مسلح ڈاکو اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، لوٹ مار اور پولیس مقابلوں میں مطلوب تھے، ڈی پی او عرفان سموں کے مطابق کچے کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


