آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹ آف دی ایئر کا اعزاز پانے والے عثمان خواجہ نے بھارتی سرزمین پر اسپنرز کو کڑا چیلنج قرار دے دیا۔
9فروری سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم بھارت میں موجود ہے جب کہ ویزا مسائل کی وجہ سے عثمان خواجہ نے کچھ دن تاخیر سے ٹیم کو جوائن کیا ہے۔
سینئر بلے باز ڈیوڈ وارنر کے ساتھ عثمان خواجہ اوپننگ کریں گے جو کہ بولرز کے لیے سخت حریف رہے ہیں تاہم اسپنرز کے لیے سازگار بھارتی وکٹیں اس خطرناک جوڑی کے لیے بڑا امتحان ہوگا۔
عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی پیچز پر چوتھے اور پانچویں دن گیند زیادہ اسپن ہوتا ہے اور ایشون جیسے اسپنرز کا ان پچز پر سامنا کرنا مشکل ہوتا ہے۔
حال ہی میں آسٹریلیا کے ‘ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر’ قرار دیے گئے عثمان خواجہ سے ٹیم پرُامید ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اسی کی سرزمین پر 2004-05 کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔