بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

فہیم اشرف آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بقیہ تین میچز سے باہر

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے بقیہ تین میچز سے باہر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فہیم اشرف کو آسٹریلیا کے خلاف بقیہ تین ون ڈے میچز میں آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ ورلڈ کپ سے قبل اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے والے فہیم اشرف آج کا میچ کھیل کر وطن واپس لوٹ جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ فہیم اشرف کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کو متحدہ عرب امارات نہیں بھیجا جائے گا کیونکہ اس وقت پاکستان کے پاس پہلے ہی چار فاسٹ بولرمحمد عامر، محمد عباس، محمد حسنین، عثمان خان شنواری موجود ہیں۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 14 رنز بنائے تھے انہیں کولٹر نیل نے ہینڈز کومب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جبکہ بولنگ میں وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔

پہلے ون ڈے میچ میں انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ عثمان خواجہ کی حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ پہلے ہی آرام کی غرض سے سرفراز احمد، حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی کو آرام کی غرض سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے نہیں بھیجا گیا تھا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی عدم موجودگی میں سینئر کھلاڑی شعیب ملک قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، آسٹریلیا نے پہلے ون ڈے میچ میں گرین شرٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں