اسلام آباد: شہرِ اقتدار کی انتظامیہ نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل مسجد کو سیل کر کے دوبارہ کھول دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ نے فیصل مسجد میں عوام کے بڑی تعداد میں جمع ہونے اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا۔
مقامی حکام نے وہاں موجود لوگوں کو باہر نکالنے کے بعد مسجد کو قناعتیں لگا کر بند کردیا تھا جبکہ مسجد انتظامیہ کو محدود نمازیوں کے ساتھ جماعت کرانے کا حکم دیا تھا۔
Faisal Mosque is being closed down for the general public; prayers shall continue at a limited scale with complete distancing. pic.twitter.com/YlCnzguna1
— Additional Deputy Commissioner(ADCG), Islamabad (@rmwaq) March 20, 2021
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد نے فیصل مسجد کا دورہ کیا اور ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہی حالات رہے اور ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو مسجد کو دوبارہ بند کردیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے فیصل مسجد کو ایک بار پھر عوام کے لیے کھولنے اور باجماعت نمازوں کی ادائیگی کی اجازت دی۔
— Additional Deputy Commissioner(ADCG), Islamabad (@rmwaq) March 20, 2021
واضح رہے کہ اسلام آباد میں کرونا کی تیسری لہر کے بعد کیسز میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، کرونا کے مثبت کیسز کی ہفتہ وار شرح 8.76 فیصد کی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آفیسر اسلام آباد کے مطابق 11 سے 17 جنوری کے دوران کرونا کیسز کی ہفتہ وار شرح 2.47 فیصد تھی جبکہ فروری کے پہلے ہفتے میں یہ شرح 1.57 فیصد کے قریب تھی۔