اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ 27 ویں ترمیم کیا ہم تو 28 ویں ترمیم کی بھی تیاری کررہے ہیں ، 27 ویں ترمیم سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’الیونتھ آور‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 22 اکتوبر 2024میں بتا دیا تھا کہ27 ویں ترمیم بھی آئے گی، 27 ویں ترمیم کیا ہم تو 28 ویں ترمیم کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔
سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ کہ جمہوریت کی ضامن پیپلز پارٹی ہے، اور بلاول بھٹو ایک جمہوری شخصیت ہیں، جنہوں نے اور ان کے خاندان نے جمہوریت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان ورکنگ ریلیشن بہت اچھا ہے، اور 27ویں ترمیم سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کی پہلے بھی ضرورت تھی اور اب بھی ہے، ماضی میں اقدامات نہ ہونے پر آئینی بینچ بنایا گیا تھا۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ جب ضعیف سیاستدان کام کر سکتے ہیں تو ملازمت کی مدت میں توسیع بھی ناگزیر ہے، ڈیفنس سسٹم کو مضبوط کرنا ہے اور ملٹی ڈومین جنگ کی تیاری ضروری ہے۔
سینیٹر واوڈا کا کہنا تھا کہ سب کچھ اتفاقِ رائے سے چل رہا ہے تو یہ اچھی بات ہے، تاکہ ملک میں کسی قسم کے مسائل پیدا نہ ہوں۔
انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بڑے ہیں، بات چیت سے ضرور اتفاق کر لیں گے، جبکہ اگر کوئی چاہتا ہے کہ 27ویں ترمیم پر بحث ہو تو وہ بھی ممکن ہے۔


