کراچی: پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے، پیپلز پارٹی کے فارورڈ بلاک میں 20 سے 26 ارکان جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور گورنر سندھ کی ائیر پورٹ پر ملاقات ہوئی، فیصل واوڈا نے کہا کہ 20 سے 26 لوگوں کے فارورڈ بلاک کی اطلاعات ہیں۔
[bs-quote quote=”جو لوگ وزیرِ اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فیصل واوڈا”][/bs-quote]
فیصل واوڈا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیرِ اعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا، جو لوگ وزیرِ اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔
تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جا رہے ہیں، صدرِ مملکت عارف علوی کو بریفنگ دے دی، ان کے گھر پر اہم اجلاس ہو رہا ہے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کا سندھ کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر ہنگامی اجلاس آج ہو رہا ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کا یہ اجلاس صدرِ پاکستان عارف علوی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعلیٰ سندھ کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم شور کریں گے: علی زیدی
اجلاس میں خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور دیگر شرکت کریں گے، اجلاس میں سندھ کے سیاسی منظر نامے پر مشاورت ہوگی، اجلاس میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بھی جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے لوگ ان سے رابطے کر رہے ہیں، ایم پی ایز فون کر رہے ہیں کہ ہماری جان چھڑاؤ۔