اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا نے حکمرانوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’منشیات فروش پنکی کو کب تمغہ دیا جائے گا ، وہ بھی حقدار ہو گئی ہے؟۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کراچی میں سامنے آنے والے ’انمول عرف پنکی‘ منشیات اسکینڈل پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ملک کے موجودہ حکمران طبقے اور نظام کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب تو انتظار ہے کہ اس منشیات فروش خاتون کو کب سرکاری تمغے سے نوازا جائے گا، کیونکہ وہ اب اس کی حقدار بن چکی ہے۔
فیصل واوڈا نے اپنے بیان میں شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیامِ پاکستان سے اب تک وہی ‘پنکی حکمران’ نظام پر قابض ہیں، جنہوں نے ایک عام منشیات فروش کو ’پنکی‘ بنا دیا، ان حکمرانوں نے پاکستان کے بچوں اور آنے والی نسلوں کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ جب تک ان کا صحیح معنوں میں احتساب نہیں ہوگا، یہ ’پنکی جمہوری ڈرامہ‘ یونہی چلتا رہے گا۔
سینیٹر واوڈا نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری فیصلوں کے بجائے بیوروکریٹس سے فیصلے کرانے اور دوسروں پر جھوٹے الزامات لگانے سے ملک کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پوسٹرز چپکانے، جھوٹے بیانیے گھڑنے اور زبردستی جلسے کروانے سے ملک میں ترقی ممکن نہیں ہے۔
فیصل واوڈا نے اپنے مخصوص انداز میں خبردار کیا کہ "یہ تو ابھی ابتدا ہے اسکینڈلز کی، روتا ہے کیا؟ آگے آگے دیکھیے اسکینڈلز سے ہوتا ہے کیا!”
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


