فیصل آباد : پولیس نے چوری کے شبہ میں ملزم کے بجائے اس کے بھائی تیسری جماعت کے آٹھ سالہ طالب علم کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ غلام محمد آباد کی پولیس نے اپنی پھرتیاں دکھاتے ہوئے آٹھ سالہ بچے کو چوری کے الزام میں پکڑ کر حوالات میں بند کردیا، آٹھ سالہ خواہش علی تیسری جماعت کا طالب علم ہے۔
فرید گنج کے ایک رہائشی نے اپنے موبائل فون اور رقم چوری ہونے کی درخواست دی تھی، درخواست میں خواہش علی کے بھائی اویس کو نامزد کیا گیا، پولیس نے اویس کے چھوٹے بھائی تیسری جماعت کے طالب علم8سال کے خواہش علی پر چوری کا الزام لگادیا۔
خواہش علی دو روز سے حوالات میں بند ہے، اے آر وائی نیوز نے حوالات میں بند بچے کی فوٹیج حاصل کرلی، واقعے کے خلاف ننھے طالب علم کی والدہ اوررشتے داروں نے تھانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
بچے کی والدہ کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا بارات سے پیسے لوٹنے گیا تھا جسے چور سمجھ کر تھانے بند کردیا گیا، میرا بچہ بے قصور ہے اس نے کوئی گناہ نہیں کیا۔