فیصل آباد : جی ٹی ایس چوک میں خونی ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار دیور بھابی کو کچل ڈالا، پولیس نے کنڈیکٹر کو گرفتار جبکہ ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے کامیاب ہوگیا، زبیر کی تین دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ناظم آباد کا رہائشی بائیس سالہ زبیر لیاقت اپنی بھابی انعم کے ساتھ موٹرسائیکل پر رات گئے مدینہ ٹاؤن سے واپس گھر جا رہا تھا کہ جی ٹی ایس چوک پر تیز رفتاری سے آنے والے ڈمپر ڈرائیور نے ڈمپر کو پل کی طرف موڑنے کی کوشش میں موٹرسائیکل کو کچل دیا۔
حادثے میں زبیر اور اس کی بھابی انعم موقع ہی پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دوسری موٹرسائیکل پر سوار اس کا بھائی عامر محفوظ رہا۔
حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تاہم پولیس نے کنڈیکٹر کو گرفتار کر کے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی ٹریفک حادثہ ، قاتل بس ڈرائیور اور مالک گرفتار
جاں بحق ہونے والے دیور بھابی کی لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں، لاشیں پہنچنے پرگھر میں کہرام مچ گیا، لواحقین کے مطابق جاں بحق ہونے والے زبیر کی تین دن پہلے ہی شادی ہوئی تھی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔