فیصل آباد : سٹھیالہ گاؤں میں زمین کے تنازعہ پر فائرنگ سے چار بھائی اور ان کی بہن زخمی ہوگئی۔ فائرنگ کرنے والا گاؤں کا نمبردار فرار ہو گیا۔ پانچوں زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال میں داخل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ نشاط آباد کے گاؤں سٹھیالہ میں زمین کے تنازعہ پر نمبردار شہباز احمد نے ہمسائے میں مقیم اپنے رشتے داروں پر فائرنگ کر دی ۔
کارتوس کے چھرے لگنے سے چار بھائی ابوبکر صدیق ، عمر فاروق ، علی اسامہ ، یوسف اور ان کی بہن مریم زخمی ہو گئے ۔ ملزم شہباز فائرنگ کرتا ہوا جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔
زخمیوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی ۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سولہ سالہ علی اسامہ کی حالت تشویش ناک ہے ۔
تھانہ نشاط آباد پولیس ملزم شہباز کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔