فیصل آباد(18 جون 2026): شہر میں چلنے والی گرین بس میں سفر کے دوران ایک خاتون مسافر سے مبینہ چوری اور تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک چور خاتون نے دورانِ سفر دوسری خاتون کے کان سے طلائی بالی نوچ لی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پل کوریاں کے قریب گرین بس کے اندر پیش آیا۔ چور خاتون نے بس میں سوار علی پورہ کی رہائشی خاتون نرگس کے کان سے سونے کی بالی پورے زور سے کھینچی، جس کے باعث بالی نوچنے سے متاثرہ خاتون کا کان بری طرح زخمی ہو گیا۔
متاثرہ خاتون نرگس نے واقعے کے خلاف تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں قانونی کارروائی کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ بس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جائے تاکہ ملزمہ کی فوری شناخت کر کے اسے گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس نے درخواست موصول ہونے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔


