ہفتہ, جون 6, 2026
اشتہار

فیصل آباد: پولیس مقابلے میں خاتون کا قاتل ڈاکو ہلاک، 3 ساتھی فرار

اشتہار

حیرت انگیز

(16 مئی 2026): فیصل آباد میں برالی سیم پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو خرم شہزاد ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے تھانہ ساہیانوالا کی حدود میں برالی سیم پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو خرم شہزاد ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے تین ساتھی موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والا ملزم چند روز قبل ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک خاتون کے قتل میں مطلوب تھا۔

تھانہ ساہیانوالا پولیس نے جمعہ کی رات گئے چنیوٹ روڈ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ اس دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو خرم شہزاد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی مارا گیا، جبکہ اس کے تینوں ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔

پولیس نے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور تھانہ ساہیانوالا میں پولیس مقابلے اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم خرم شہزاد چک کنن سیان کا رہائشی تھا اور انتہائی مطلوب تھا۔ ملزم نے گزشتہ 6 مئی کو چک 153 میں ایک گھر کے اندر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر وہاں موجود اکیلی خاتون ‘عذرا’ کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا اور فرار ہو گیا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں