فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں دکان کے تنازع پر بھتیجے نے فائرنگ کرکے چچا سمیت 2 افراد کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے چک نمبر 275 میں دکان کے تنازع پر بھتیجے کی فائرنگ سے چچا سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھتیجا بھی شدید زخمی ہوگیا۔
فیصل آباد کے گاؤں 275 کے رہائشی 40 سالہ ارشد اور اس کے بھتیجے 30 سالہ اسلم کے درمیان آبائی دکان کی تقسیم کا تنازع تھا، منگل کی شام بھی دکان کے تنازع پر اسلم نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اس کے چچا ارشد اور دکان ملازم 30 سالہ وسیم جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق چچا ارشد کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور اسلم بھی شدید زخمی ہوگیا، ملزم کو سول اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
تھانہ ڈجکوٹ پولیس نے مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردیں جبکہ ملزم اسلم کا تھانہ ڈجکوٹ پولیس کی حراست میں علاج جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں فیصل آباد کے علاقے دھنولہ میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔