اسلام آباد : سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نے ضمانت منسوخی کا فیصلہ چیلنج کردیا، جس میں کہا گیا اسپیشل جج سینٹرل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف مبینہ فراڈ کیس سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
نجف حمید نے ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت منسوخی کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے 24 جنوری کو ایف آئی اے کی جانب سے دائر ضمانت منسوخی کی درخواست منظور کی تھی، جو قانون کے تقاضوں کے مطابق نہیں۔
نجف حمید نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اسپیشل جج سینٹرل کا ضمانت منسوخی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور ان کی ضمانت بحال کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار ایک قانون پسند شہری ہے اور اسے بدنیتی پر مبنی مقدمے میں گھسیٹا جا رہا ہے، ضمانت منسوخی کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رہ سکتا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت متوقع ہے، جہاں عدالت فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کرے گی۔


