لاہور : کورونا اور نمونیا کے انجیکشن کی جعلی اقسام مارکیٹ میں آنے کا انکشاف ہوا ، محکمہ صحت پنجاب نے مریضوں کو جعلی انجیکشن کے نقصان سے بچانے کے لیے فوری ادویات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میرو نیم انجکشن کی جعلی اقسام کےمارکیٹ میں آنے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے ڈرگ انسپکٹر کو مارکیٹ سے تمام اسٹاک اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ مطلوبہ بیچ نمبرز اور دوا کی قسم مارکیٹ سے فوری اٹھا لی جائے ، کورونا میں اینٹی بائیٹک کے طور پر دوا کا استعمال عام ہو رہا ہے۔
محکمہ صحت نے مزید کہا کہ مریضوں کو جعلی انجکشن کے نقصان سےبچانے کے لیے فوری دوااٹھا لیں۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں ملک بھر میں غیرمعیاری اور جعلی ادویات کی بھرمار کا انکشاف ہونے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 12 غیر معیاری ادویات کی رجسٹریشن منسوخ کردی تھی۔