کراچی : خود کو ایکسائز کا اعلیٰ افسر ظاہر کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے دکاندار سے ٹیکس نہ دینے کے عوض رقم کا مطالبہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا کےعلاقے میں قائم بیکری پر جعلی ایکسائز پولیس افسر نے چھاپہ مارا اور دکاندار پر رعب جماتے ہوئے اس سے ٹیکس کے بارے میں سوالات کیے۔
دکاندار کی جانب سے ٹیکس نہ دینے پر جعلی پولیس اہلکار نے بھاری رقم کا مطالبہ کیا جس پر دکاندار کو شک ہوا، دکاندار نے شک پڑنے پر اس سے سوالات کیے جس پر وہ سٹپٹا گیا اور ملزم کو پکڑ کر مددگار15پر کال کرکے اطلاع کردی۔
پولیس نے موقع پرپہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا، میڈیا سے گفتگو میں دکاندار نے بتایا کہ ملزم نے اپنا نام سجاد مرزا بتایا اور مجھ سے کہا کہ میں ایکسائز آفیسر ہوں۔
دکاندار کے مطابق جب اس نے ملزم سے ادارے کا کارڈ طلب کیا تو وہ گھبرا گیا اور کہا کہ میں ایکسائز افسر کا پی اے ہوں، جس پر دکاندار نے فوری طور پر پولیس کو بلالیا۔