کراچی (08 نومبر 2025): شہر قائد میں صحافت کی آڑ میں بھتہ طلب کرنے والوں کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں صحافت کی آر میں بھتہ خور سرگرم ہو گئے ہیں، ڈیفنس پولیس نے ایک کارروائی میں جعلی صحافی بن کر بھتہ مانگنے والے ملزم نوید عباس کو گرفتار کر لیا۔
دوسری طرف کورنگی پولیس نے صفدر آرائیں، فراز اور عرفان علی چانڈیو نامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو خود کو صحافی ظاہر کر کے ایک شہری سے بھتہ طلب کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ کورنگی میں شہری فرحان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے کے متن کے مطابق 3 ملزمان نے خود کو صحافی ظاہر کر کے گھر کی تعمیر پر 3 لاکھ روپے بھتہ مانگا۔
27 ویں آئینی ترمیم کے تحت آئینی عدالت قائم کرنے کا فیصلہ، کمانڈر آف ڈیفنس فورسز کے نئے عہدے پر غور
ملزمان نے ایک لاکھ روپے وصول کیے، مزید 2 لاکھ روپے نہ ملنے پر شہری فرحان کے زیر تعمیر گھر کی دیوار گرا دی، مقدمے میں پیکا ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کیے گئے ہیں۔ ملزم صفدر آرائیں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور مقدمے کی تفتیش سی آئی اے کو منتقل کر دی گئی ہے۔
ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں ہیئر سیلون مالک فیاض عارف سے بھتہ طلب کرنے پر نوید عباس نامی شخص کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ملزم خود کو معروف چینل کا رپورٹر ظاہر کر کے بلیک میل کرتا تھا، ملزم نے سیلون کے مالک فیاض عارف مسیح سے 15 ہزار روپے مانگے۔
پولیس کے مطابق سیلون مالک نے ملزم کی رقم وصول کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کر لی، ڈیفنس پولیس نے فوری کارروائی کر کے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔


