لاہور: جانوروں کی جعلی ادویات سپلائی کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا، جن سے "پین وٹ فائیو” نامی جعلی انجکشنز کی ایک بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈرگ کنٹرول اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مشترکہ انفورسمنٹ ٹیم نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لاہور اور مریدکے میں معصوم جانوروں کو دی جانے والی جعلی ادویات اور انجکشنز سپلائی کرنے والا بین الاضلاعی گروہ پکڑ لیا۔
کارروائی کا آغاز لاہور کے علاقے راوی ٹاؤن سے ہوا، جہاں ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک رکشے کو روکا گیا، تلاشی لینے پر رکشے سے لائیو اسٹاک کے بیکٹیریل انفیکشن کے مرض میں استعمال ہونے والے "پین وٹ فائیو” نامی جعلی انجکشنز کی ایک بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔
یہ جعلی انجکشنز "اسٹارز لیب” کے نام سے تیار کیے جا رہے تھے، موقع پر ہی رکشہ سوار ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر فوری طور پر مریدکے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں یہ جعلی ادویات تیار کی جا رہی تھیں، چھاپے کے دوران گھر سے مزید بھاری مقدار میں تیار اسٹاک اور خام مال برآمد کر لیا گیا،
حکام نے مزید بتایا کہ مریدکے سے گروہ کے مزید 2 سرگرم ملزمان کو بھی دھر لیا گیا۔
ڈرگ کنٹرول حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی معاونت سے نیٹ ورک کے تمام ملوث مہروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں


