The news is by your side.

Advertisement

فخر زمان کو پاک بحریہ کے اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک تفویض

کراچی: چیف آف دی نیول استاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے قومی کرکٹر فخر زمان کو پاک بحریہ کے اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک تفویض کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کرکٹ کے میدان میں شاندار کارکردگی اور پاک بحریہ سے وابستگی کی بنیاد پرمعروف کرکٹر فخر زمان کوپاک بحریہ کے اعزازی لیفٹیننٹ کا رینک تفویض کر دیا۔

واضح رہے کہ فخر زمان پاک بحریہ میں خدمات انجام دے چکے ہیں، انہوں نے پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں 2007میں بطور سیلر شمولیت اختیار کی، سروس کے اوائل ہی میں اُن کی کرکٹ سے لگن اور بیش بہا ٹیلنٹ کوسراہاگیا۔

فخرزمان نے کئی مقابلوں میں پاک بحریہ کی بہترین نمائندگی کی اور پاک بحریہ کے لیے کئی اعزازات حاصل کیے، اوپنر نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ بھی 2012میں پاکستان نیوی کے پلیٹ فارم سے کھیلااور آسٹریلیا میں ہونے والے بین الاقوامی ڈیفنس کرکٹ چیلنج کپ 2012میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

اعزازی رینک تفویض کرنے کی تقریب میں عسکری و سول حکام، پی سی بی کے عہدیداران، سابق کرکٹرز اور فخرزمان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

فخر زمان کو اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر انہیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی جانب سے سندِتحسین بھی دی گئی۔

پاک بحریہ نے فخر زمان میں غیر معمولی ٹیلنٹ اور کرکٹ سے لگاؤ کو دیکھتے ہوئے انھیں اپنا کیرئیر کرکٹ میں آگے بڑھانے اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصّہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اپنے کرکٹ کے کیرئیر میں اُن کی بڑی کامیابیوں میں 2017میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ جتوانے والی سنچری بنانا شامل ہے جس میں انھیں ’مین آف دی میچ‘ کا اعزاز بھی ملا۔

علاوہ ازیں 2018میں انھوں نے صرف 18میچز میں تیز ترین 1000رنز بھی بنائے، 2018میں وہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بنے اور انھوں نے 304رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ اسکور کرنے کا ریکارڈ بنایا۔

قبل ازیں، تقریب سے خطاب کرنے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اعزازی لیفٹیننٹ فخرزمان کو پاکستان کرکٹ کے لیے اعزازات حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ اسکواش، سیلنگ، ہاکی، فٹ بال سمیت متعدد کھیلوں کے فروغ میں معاونت فراہم کررہی ہے اور کئی کھلاڑی پیدا کرچکی ہے جنھوں نے پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کیے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں