کراچی: سندھ سنسر بورڈ کے چیئرمین فخر عالم نے فنکاروں کو سیکیورٹی نہ ملنے پر احتجاجاً عہدے سے استعفی دے دیا، فخر عالم کی قیادت میںفنکاروں نے دو روز قبل سیکیورٹی کے لیے درخواست دی تھی۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے فخر عالم کا کہنا تھا کہ ہم فنکار پہلےہی ہر پلیٹ فارم پر کہہ چکے ہیں کہ ہم نے جو سیکیورٹی مانگی تھی وہ علامتی طور پر احتجاجاً طلب کی تھی جس کا مطلب تمام شہریوں کے لیے سیکیورٹی تھا، انہوں نے کہا کہ اگرسیکیورٹی دی جائے تو سب کو دی جائے ورنہ حکام اپنی سیکیورٹی بھی ختم کریں۔
فخر عالم نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ بلال بھٹو زرداری نے سندھ میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سندھ حکومت پر ایک اجلاس میں اظہار برہمی کیا ہے، مجھے امید ہے جلد پاکستانیوں کو اور کراچی کے شہریوں کو سیکیورٹی مل جائے گی۔
استعفی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے استعفی رضا کارانہ طور پر دیا، کیوں کہ وقت آگیا ہے کہ میں فیصلہ کرلوں کہ عہدے پر رہوں یا عام شہری بن کر جیوں۔
یاد رہے دو روز قبل فخر عالم کی قیادت میں فنکاروں نے کراچی میں ڈیفنس تھانے میں پہنچ کر سیکیورٹی کی درخواست دی تھی، جس پر پولیس نے ڈیفنس تھانے کے تمام پروڈکشن ہائوسز کو سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، مزید برآں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے بھی فخر عالم کے حوالے سے بیان دیا تھا کہ آخر انہیں سیکیورٹی کیوں درکار ہے۔